Tuesday, 29 December 2015

حاجی الحرمین سید عبدالرزاق نورالعین کچھوچھوی قسط 7

شیخ الاسلام کا لقب:
زبدۃ الآفاق سید عبدالرزاق نورالعین کا ایک لقب "شیخ الاسلام بھی ہے جو اپنے وقت کے جلیل القدربزرگ  حضرت شیخ قثیم  ترکستانی  قد س سرہ النورانی  نے آپ کو عطا فرمایا تھا آپ ترکستان کے مشائخ میں سے تھے اور طریقت میں ممتاز مقام رکھتے تھے ۔وقت کے عظیم بزرگوں نے آپ سے کسب فیض کیا جن میں بانئ سلسلۂ نقشبندشیخ المشائخ قطب العالم خواجہ خواجگان حضرت خواجہ سید شاہ  محمد  بہاء الحق والدین المشتہر نقشبند بخاری الحنفی قد س سرہ اور بانئ سلسلہ اشرفیہ تارک السلطنت غوث العالم محبوب یزدانی سلطان سید اشرف جہانگیر سمنانی السامانی نوربخشی کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں۔ آپ ترکستان کے مشائخ سے ہیں اور خواجہ احمد یسوی کے خاندان سے ہیں جو غوث العالم محبوب یزدانی سید اشرف جہانگیر سمنانی کے حقیقی نانا تھے۔
غوث العالم  محبوب یزدانی سید اشرف جہانگیر سمنانی قدس سرہ فرماتے ہیں کہ جب فرزند سید عبدالرزاق نورالعین کی ملاقات آپ سے کرائی تو ان کی طرف ظاہری وباطنی توجہ فرمائی اور ان کے حسب نسب کے متلق دریافت کیا میں نے عرض کیا کہ سادات جیل سے ہیں اور حضرت غوث الثقیلن شیخ عبدالقادر جیلانی قد س سرہکی اولا د سے ہیں میں  نے انہیں اپنا فرزند بنا لیا ہے اور سبھی مشائخ نے ان کو قبول کیا ہے فرمایا کہ ہم نے بھی قبول کیا کہ تمہارا فرزند ہمارا فرزند ہے حق تعالیٰ سے ہم نے دعا کی ہے کہ یہ اپنے زمانے کے شیخ الاسلام ہوں گے ۔( لطائف اشرفی15/603)
حضرت سلطان سید اشرف جہانگیر سمنانی  قد س سرہ نے عرض کیا جب آپ اتنی بڑی  بشارت  اس فرزند کے لئے فرماتے ہیں تو برکت کے واسطے ان کے ہاتھ کو اپنے دست ارادت کے نیچے لے لیجئے  ۔ حضرت نے قبول کیا اور اپنی توجہ باطنی سے مالامال کردیا بعد اس کے خدمت بابرکت حضرت شیخ خلیل اتا ( متوفی 782) قد س سرہ  جو صاحب شریعت و طریقت تھے اور ولایت کے اعلیٰ مقام پر فائز تھے  صاحبزادہ سید عبدالرزاق نورالعین کو حاضر کیا  ۔ حضرت شیخ نے دعائیں دیں اوراوصاف ظاہری و باطنی سے مشرف فرمایا اس کے بعد جب میں سید عبدالرزاق نورالعین کو  قطب العالم خواجہ خواجگان حضرت خواجہ سید شاہ  محمد  بہاء الحق والدین نقشبند بخاری الحنفی قد س سرہ    کی خدمت میں لے کر حاضر ہوا  تو انہوں نے بہت ہی زیادہ  توجہ و عنایات سے مبذول فرمائیں  اس کے بعد  جن جن بزرگوں کے پاس  پہونچے انہوں نے صاحبزادہ کے حق میں  بکمال توجہ باطنی و مہربانی فرماتےہوئے  لقب شیخ الاسلام کے ساتھ سب نے ملقب کیا۔ 

No comments:

Post a Comment